ساہیوال: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پہلے عمران خان کو کٹہرے میں کھڑا کریں گے پھر الیکشن ہوگا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ساہیوال میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا کہ الیکشن ضرور ہوگا لیکن پہلے انصاف, دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگا، الیکشن سے پہلے نواز شریف سے ناانصافیوں کا ازالہ بھی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پہلے عدل ہوگا پھر الیکشن ہوگا پہلے ووٹ کو عزت ملے گی انصاف ہوگا پھر الیکشن ہوگا آج انصاف کردو کل ملک میں الیکشن کروادو۔
مریم نواز نے کہا کہ پہلے نواز شریف کو ملنے والی ہر سزا ختم ہوگی پھر الیکشن ہوگا جبکہ جو معیار نواز شریف کے لیے تھے وہی عمران خان کے لیے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے نمائندے کو سسیلین مافیا اور گارڈ فادر سے پکارا گیا، نواز شریف کو جن القابات سے نوازا پہلے وہ واپس لینا پڑیں گے پھر الیکشن ہوگا۔
مریم نواز نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیٹی چھپانے جتنا بڑا جھوٹ پہلے کسی پاکستانی وزیراعظم نے نہیں بولا، فتنے کے ہاتھ جرائم میں ڈوبے ہیں مگر اسے بلانے کی ہمت نہیں ہوتی، فتنے کو آج بھی فیض حمید کی باقیات بچا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بے گناہی کا ثبوت سزا دینے والے ججز نے خود دے دیا، فیصلے پر فیصلے، گواہی پر گواہی آئی مگر نواز شریف کے فیصلے وہیں کھڑے ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان آنکھیں کھول کر دیکھو جس نے تمہیں کندھے پر بٹھایا وہ اللہ کو پیارے ہوگئے اب تم جن کے کندھوں پر بیٹھ کر آنا چاہتے ہو وہ کندھے نہیں رہیں گے تم بے فیض ہوچکے اور بے فیض ہی رہو گے۔