لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سکینڈ اور تھرڈ ایئر کے طلبا کو بھی اسکالرشپ دینے کا اعلان کردیا اور کہا آئندہ بجٹ میں اسکالر شپ کی تعداد 30ہزار سے بڑھا کر 50ہزار کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیالکوٹ میں ہونہار طلبہ میں اسکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ نے یہ اسکالر شپ اپنی محنت سے حاصل کی ہے، ایک بھی اسکالر شپ کسی سفارش پر نہیں دی گئی ، اسکالرشپ 100فیصدمیرٹ پر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ پروگرام 72 ارب روپےکا ہے ، اسکالرشپ توگھربیٹھےبھی دی جاسکتی تھیں لیکن جومحبتیں اورچہرےپرمسکراہٹیں دیکھیں وہ گھربیٹھےنہیں دیکھ سکتی تھی۔
View this post on Instagram
انھوں نے کہا کہ 30ہزار اسکالرشپ کم ہیں اس سے کہیں زیادہ ہونی چاہئیں، سکینڈ اور تھرڈ ایئر کے بچے بھی قابل ہیں ان کو بھی اسکالرشپ ملیں گی، آئندہ بجٹ میں اسکالر شپ کی تعداد 30 ہزار سے بڑھا کر 50ہزار کریں گے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں 60 فیصد آبادی نوجونوں پرمشتمل ہے، نوجوان میری پہلی ترجیح ہیں، جومعیشت ڈوب رہی تھی وہ مستحکم ہورہی ہے، اسٹاک مارکیٹ ریکارڈ توڑ رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ والدین کا بوجھ کم کرکےمیں اٹھاؤں گی، بچوں کی دی گئی تصاویر میرااثاثہ ہے اپنے دفترمیں لگاؤں گی، اگر ابھی اسٹیج ٹوٹنے کا ڈر نہ ہوتا تو کہتی سب اسٹیج پر آجاؤ۔
وزیراعلیٰ نے طلبا کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپس کے بعدلیپ ٹاپس کی پہلی کھیپ آگئی ہے، جن بچوں کے65فیصدکےزائدنمبرز ہیں سب کو لیپ ٹاپ ملیں گے اور جلد ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس نوجوانوں کو دوں گی، پنجاب کی حکومت آپ کی ہےآپ کے میرٹ کواون کرے گی۔