لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پی ٹی آئی کے پُرتشدد احتجاجی مظاہرے میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 20واں اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاجی مظاہرےمیں پولیس،رینجرزپرتشدد اور حملوں کی شدیدمذمت کی گئی۔
پنجاب کابینہ اجلاس میں 24 نومبر کو پرتشدد احتجاجی مظاہرے میں شہید سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
پی ٹی آئی کے پرتشدد احتجاجی مظاہرے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کیلئے خصوصی پیکیج کی منظوری دی گئی۔
پنجاب پولیس کے شہید کانسٹیبل کے لئے مجموعی طور پر 2 کروڑ 90 لاکھ روپے کا پیکیج جبکہ پی ٹی آئی ورکرز کے تشدد سے زخمی پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے لئے 10 لاکھ کے پیکیج کی منظوری دی گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ پی ٹی آئی ورکرز کے تشدد سے 172 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، بیشتر کی حالت نازک ہے، سی ایم ایچ پنڈی میں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی حالت دیکھ کر شرم آتی ہے، یہ دیکھ کر شرم آتی ہے، زخمی اہلکاروں کو مارنے والے ہمارے لوگ ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو دیکھ کر پی ٹی آئی کے متشدد ورکرز کی بربریت کا اندازہ ہوا، کیل لگے ڈنڈوں اور رائفل کے بٹ سے جتھوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو مارا، پی ٹی آئی ورکرز کے تشدد سے زیر علاج اہلکاروں کو فریکچر آئے۔
انھوں نے مزید کہا کہ زندگی میں کبھی ایسی بربریت اور ظلم و تشدد کا مظاہرہ نہیں دیکھا، پولیس اہلکارکو نزدیک سےگولی ماری جو اس کے جسم کے آر پار ہوگئی، پی ٹی آئی ورکرز کے تشدد سے شہید کانسٹیبل کے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں۔