اوکاڑہ: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے جلسہ گاہ میں موجود بچی کو آٹو گراف دے کر گلے لگالیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے اوکاڑہ میں جلسہ گاہ میں موجود کمسن بچی کو اسٹیج پر بلا کر آٹو گراف دیا اور اسے گلے بھی لگایا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسٹیج پر مریم نواز بچی کو آٹو گراف دے رہی ہیں۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ایک ایک کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے، قدرت نے سوموٹو لے لیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے امپائر، سہولت کار اور اس کی جعلسازی پکڑی گئی، شور مچایا جارہا ہے انتخابی نشان واپس لے لیا، ان کا نشان گھڑی کا پیٹرول بم ہونا چاہیے ایسے لوگوں کو انتخابی نشان نہیں عبرت کا نشان ملتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو الیکشن ہے آپ نے نوازشریف کو ناصرف ووٹ بلکہ مضبوط حکومت دینی ہے، جو پاکستان سے محبت کرتاہے، وہ نوازشریف کے سوا کسی کو ووٹ دے ہی نہیں سکتا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ جتنے ٹھپے شیر پر لگیں گے اتنی تیزی سے مہنگائی کم ہوگی، جتنا ووٹ شیر کو ملے گا اتنی تیزی سے گیس آپ کے گھروں میں آئیگی، جتنی پرچیاں شیر کیلئے نکلیں گی اتنے بجلی کے بل کم ہونگے، جتنی مضبوط حکومت نوازشریف کو دینگے سستا علاج سستی دوائی گھر پر ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں ہے اور نہ اس کی فکر ہے ، ہمیں مزدور اور غریب کے گھروں پر چولہے جلانے کی فکر ہے، گھر سے نکل رہی تھی تو نوازشریف آج میٹنگ کررہے تھے کہ عوام کو سستی بجلی ،سستی گیس کیسے دینی ہے۔