لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ میں خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہوں انہیں مشکل میں نہیں دیکھ سکتی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں لاہور ڈیولپمنٹ پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ سینئر وزیر اور چیف سیکرٹری کو لاہور ڈیولپمنٹ کی بروقت تکمیل کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔
مریم نواز نے ہدایت کی کہ لاہور ڈیولپمنٹ پلان کیلیے ماہانہ ٹائم لائن مقرر کی جائے۔ انہوں نے پلان کے پہلے فیز کا مرحلہ وار جائزہ لیا اور پروجیکٹس کا تصویری معائنہ بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: راشن کارڈ کن افراد کو ملے گا؟ مریم نواز نے بتا دیا
میونسپل کارپوریشن لاہور نے 3705 اور واسا کے زیرِ اہتمام 230 گلیوں کی تعمیر کیلیے 30 جون کی ڈیڈ لائن مقرر کی۔ واسا ورکس کیلیے 1573 گلیوں کی تعمیر و مرمت کیلیے 31 جولائی کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔
اجلاس میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل میں تاخیر سے عوام کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب نے محنت کشوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ہر مزدور، ورکر، کان کنوں اور محنت کش کی عظمت کو سلام پیش کرتی ہوں، محنت کش اللہ کا دوست ہے اور ہم اللہ تعالیٰ کے دوست کی قدر اور احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا تھا کہ لیبر ڈے کے حوالے سے محنت کشوں کے لئے تقریباً 84 ارب روپے کا مجموعی پیکج دیا گیا، راشن کارڈ کے ذریعے کان کنوں اور ورکر تین ہزار روپے ماہانہ سبسڈی حاصل کر سکیں گے، جے ایس بینک کارڈ کے ذریعے ورکر ڈیجیٹل کش ٹرانسفر، ایڈوانس سیلری اور لیبر ڈے انعامات سمیت 13 دیگر فوائد حاصل کر سکیں گے۔
مریم نواز نے مزدوروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ قصور اور سرگودھا میں 50، 50 بیڈز کے سوشل سیکورٹی ہسپتالوں کا افتتاح کر دیا گیا ہے جبکہ مزدوروں کیلیے رحیم یار خان میں 50 بیڈ کا سوشل سیکورٹی اسپتال بنائیں گے۔