اسلام آباد : مریم نواز نے کہا ہے کہ جہانگیر ترین نے انسائیڈر ٹریڈنگ میں فراڈ کا اعتراف کیا، ان کا کیس نیب کیوں نہیں بھیجا گیا؟ جبکہ جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ میرے اور نوازشریف کے کیس کا موازنہ کرنا مضحکہ خیز ہے۔
یہ بات دونوں شخصیات نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تازہ پیغامات میں کہی۔ سابق نااہل وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے انسائیڈر ٹریڈنگ میں فراڈ کا اعتراف کیا، مجرم ثابت ہونے پر بھی جہانگیر ترین کا کیس نیب کیوں نہیں بھیجا گیا؟ جہانگیر ترین پر بطور وزیر اختیارات کا ناجائز استعمال ثابت ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین کا جرم بیٹے سے تنخواہ نہ لینا نہیں تھا، جہانگیر ترین نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے کاروبار پھیلایا۔
انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں بطور وزیر اختیارات کا ناجائز استعمال ثابت ہونے پر جہانگیر ترین سے عوام کی لوٹی دولت واپس لینے میں احتساب کا راستہ کس نے روکا ؟
دوسری جانب مریم نواز کے ٹوئٹ پر پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین بھی خاموش نہ رہے اور جواباً ٹوئٹ کیا کہ مریم نواز میرے کیس کا موازنہ اپنے والد کےکیس سے کررہی ہیں جو کہ مضحکہ خیز ہے۔
میں اپنی برطانیہ کی جائیداد کی مکمل منی ٹریل دے چکا ہوں جبکہ نوازشریف کے پاس اپنے دفاع میں جعلی قطری خط کے سوا کچھ نہیں تھا۔
جہانگیرترین کا طنزیہ انداز میں مزید کہنا تھا کہ کوئی فیصلے کا اردو ترجمہ ہی کروا دے مریم بی بی کو۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔