راولپنڈی: ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی کا امکان ہے، ریسٹ ہاؤس کے لیے تین لیڈی ڈاکٹرز کی خدمات درکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقلی کا امکان ہے، ضلعی انتظامیہ نے مریم نواز کی ممکنہ منتقلی کے لیے انتظامات کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریسٹ ہاؤس کے لیے تین لیڈی ڈاکٹرز کی خدمات درکار ہیں، لیڈی ڈاکٹرز چوبیس گھنٹے ریسٹ ہاؤس میں ڈیوٹی کریں گی، وزارت کیڈ سے لیڈی ڈاکٹرز فراہمی کی تحریری درخواست کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سہالہ ریسٹ ہاؤس کو سب جیل قرار دیا گیا تھا اور اس کی سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی جیل سے ریسٹ ہاؤس منتقلی کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز پانچ روز گزرنے کے بعد بھی خود کو جیل کے ماحول میں ڈھال نہیں پائی ہیں انہوں نے جیل حکام سے صفائی ستھرائی سے متعلق شکایات کی ہیں۔
یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سزا سنائی تھی۔
نواز شریف اور مریم نواز 13 جولائی کو لندن سے وطن واپس آئے تھے جس کے بعد انہیں گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔