لندن : نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں، وہ اس بھول میں بھی نہ رہے کیونکہ وہ ایک کٹھ پتلی ہے، پارٹی قیادت جہاں کہے گی اسی حلقے سے الیکشن لڑوں گی۔
یہ بات انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، مریم نواز جو ان دنوں اپنی والدہ کی عیادت کے سلسلے میں لندن میں مقیم ہیں، اس حوالے سے وقفے کے بعد سیاسی بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ کسی سیاستدان کی عدالتی نااہلی کے حق میں نہیں ہے۔
انہوں نے کپتان کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں، وہ اس بھول میں نہ رہے، جن لوگوں سے ہمارا مقابلہ ہے وہ عمران خان سوچ بھی نہیں سکتے کیونکہ چیئرمین پی ٹی آئی کا اپنا دماغ نہیں وہ ایک کٹھ پتلی ہے۔
دوسری جانب ن لیگ نے مریم نواز کا حلقہ پھر تبدیل کردیا، انہیں این اے ایک سو پچیس کی جگہ این اے ایک سو ستائیس سے ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب این اے125سے پرویز ملک کو ٹکٹ دیئے جانے کا امکان ہے، مریم نواز کا حلقہ تبدیل کرنے کی وجہ شکست سے بچنا ہے کیونکہ عوامی سروے میں یاسمین راشد کے مقابلے میں مریم نواز کی پوزیشن کمزور تھی۔
اس حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز کا وضاحت دیتے ہوئے کہنا تھا کہ میرا حلقہ تبدیل نہیں ہوا بلکہ میرے حلقے کا اعلان ہی آج ہوا ہے، پارٹی قیادت جہاں سے کہے گی وہاں سے الیکشن لڑوں گی، والدہ کی طبیعت بہتر ہوتے ہی ہم پاکستان واپس جائیں گے۔
مزید پڑھیں: نواز شریف اورمریم نواز کو 4 دن کے لیےحاضری سے استثنیٰ مل گیا
یاد رہے کہ والدہ کی تشویشناک حالت کی وجہ سے مریم نواز سیاسی بیانات سے گریز کر رہی تھیں تاہم آج پہلی بار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیاسی بیان دیا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔