آج بچوں سے مشقت کے خاتمے کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چائلڈ لیبر قطعاً برداشت نہیں، بچے میری ریڈ لائن ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بچوں سے جبری مشقت کے انسداد عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ آج کے دور میں چائلڈ لیبر کے واقعات انسانیت کے لئے المیہ ہیں، بچوں سے جبری مشقت، معاشرے کے باشعور شہریوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بچوں کے ہاتھ میں قلم، کتاب، لیپ ٹاپ ہونے چاہئیں، اوزار اور اینٹیں نہیں، قلم تھامنے والی کم سنی کی عمر میں بوجھ اٹھانے پر مجبور بچے ہر مہذب معاشرے کیلئے سوالیہ نشان ہیں، معصوم بچوں کا بچپن محفوظ نہ رہا تو آنے والا معاشرہ مفید شہری سے محروم رہے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چائلڈ لیبر کو محض ایک مسئلہ نہیں بلکہ نسلوں کے مستقبل کا سوال سمجھتے ہیں، چائلڈ لیبر قطعاً برداشت نہیں، بچے میری ریڈ لائن ہیں، چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب چائلڈ پروٹیکشن پالیسی نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہے، ورچوئل چائلڈ سیفٹی اسٹیشن قائم کرکے بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چائلڈ لیبر کیخلاف موثر اقدامات سے بچوں کو جبری مشقت سے نجات دلا کر تعلیم کی طرف لارہے ہیں، ایسا پنجاب چاہتے ہیں جہاں ہر بچہ مزدوری نہیں علم حاصل کرے گا اور قوم کا مستقبل سنوارے گا۔