وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طلبا کو اسکالر شپ، بلا سود قرض اور ای بائیکس دینے کا اعلان کردیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پمنجاب مریم نواز نے ہونہار اسکالر شپ 100 ارب تک بڑھانے، نوجوانوں کے لیے نئے بزنس اور اسٹارٹ اپس کے لیے تین کروڑ روپے تک بلاسود قرض اور ایک لاکھ ای بائیک دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں اور کالجز میں ای بائیکس چارجنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے، نوجوانوں کا ہاتھ پکڑ لیں تو پاکستان کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چین میں کمسن بچوں کو اے آئی سیکھتے دیکھ کر حیرت ہوئی، ہم بھی اپنے بچوں کو اے آئی، روبٹک اور دیگر جدید آئی ٹی کے علوم سکھائیں گے، طلبہ کے لیے ایگریکلچر، انوائرمنٹ اور دیگر پیڈز انٹرن شپس شروع کی ہیں، انہیں قرضہ دیں گے تاکہ پڑھ لکھ کر والدین پر بوجھ نہ بنیں اور کاروبارکریں۔
مریم نواز نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کلچر کو ای وہیکل کی طرف منتقل کررہے ہیں تاکہ پنجاب کے لوگ صاف ستھری فضا میں سانس لے سکیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کے خلاف نہ لڑنے کا عہد کریں، آگ لگانے، گولی چلوانے، پولیس پر تشدد کروانے والے نوجوانوں کے دوست نہیں ہوسکتے، سیاسی بات نہیں ماں بن کر بچوں سے بات کررہی ہوں، نوجوان نہ کسی کے بہکاوے میں آئیں اور نہ کسی کا ایندھن بنیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ملک کا مستقبل اور جھنڈا نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، توڑ پھوڑ میں ملوث بچے معافیاں مانگ کر جیل سے باہر آئے دلی افسوس ہوا۔