لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت اپنا گھر اسکیم میں درخواست دیتے والوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ قرعہ اندازی کب اور کیسے ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف صاحب کا دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں، جس شخص کا یہ وژن اور خواب ہے اس کا ہونا ضروری تھا، نواز شریف آج بھی اس پروگرام کے روح رواں ہیں، وہ نہ آتے تو یہ یہ تقریب ادھوری رہتی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب اور وفاق میں نوازشریف کی حکومت ہے ، نواز شریف کا خواب تھا بس لوگوں کو رہنے کیلئے گھر دے دو، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے 5 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی تھیں.
انھوں نے بتایا کہ کچھ دن پہلے اس پر کام شروع ہوا آج ہم اس کی پہلی قسط دینے جارہے ہیں، اسکیم کے تحت 15لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جا رہا ہے، ہر ماہ بیلٹ کے ذریعے قرعہ اندازی ہوگی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اسکیم کے تحت ہر سال ایک لاکھ گھر دے گی، غریب طبقے کی طرف سے درخواستیں آئی ہیں، سختی سے ہدایت کی تھی ماہانہ قسط 15ہزار سے زیادہ نہ ہو، قسط کو 15ہزار سے 14ہزار روپے پر لے آئے ہیں۔
انھوں نے مزید بتایا کہ لوگوں کو بلاسود قرضہ دیا جا رہا ہے، ہم نے کوشش کی ہے کم سے کم قسط رکھی جائے، میں نے کہا ہے کہ 2 اقساط میں قرضہ دیا جائے گا، آن لائن پورٹل میں درخواست جمع کراسکتے ہیں۔