لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے کارکنوں کو مشورہ دیا ہے کہ انتقام کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بس دیکھو اور انتظار کرو۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کارکنوں کو پیغام دیا ہے کہ انھیں سیاسی مخالفین سے کسی انتقام کی ضرورت ہی نہیں ہے بلکہ انھیں صرف دیکھنا انتظار کرنا چاہیے۔
مریم نواز نے کارکنوں سے کہا کہ جنھوں نے آپ کو تکلیف پہنچائی آخر کار وہ خود اپنے آپ کو نقصان پہنچائیں گے۔
سابق وزیر اعظم کی صاحب زادی کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے ساتھ خوش قسمتی ساتھ رہی تو انھیں یہ نظارہ دیکھنے کا موقع بھی مل جائے گا۔
No need for revenge. Just sit back and wait. Those who hurt you will eventually screw themselves up and if you’re lucky, God will let you watch.
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 18, 2019
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفے سے شروع ہونے والی خبروں کا سلسلہ اس وقت اپنے اختتام کو پہنچا جب وزیر اعظم ہاؤس سے اہم بیان جاری ہوا جس کے مطابق کئی وزرا کے قلم دان تبدیل کر دیے گئے۔
وزیر اعظم آفس کے مطابق فواد چوہدری کو سائنس و ٹیکنالوجی، غلام سرور کو ایوی ایشن، اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، شہریار آفریدی کو سیفران، اعظم سواتی کو پارلیمانی امور کے قلم دان سونپے گئے جب کہ اسد عمر کی جگہ فی الحال عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔