لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جعلی اور سیاسی مقدموں میں قید نواز شریف کی صحت کو خطرہ لا حق ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما مریم نواز نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو جعلی اور سیاسی مقدموں میں قید کیا گیا ہے، ان کی صحت کو خطرہ ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایسے میں جو بیٹی کو باپ سے ملنے نہ دیں، ان سے بڑا ظالم کون ہو گا؟
سابق وزیر اعظم کی صاحب زادی نے کہا کہ ظلم، نفرت، انتقام کی غلیظ سیاست کرنے والوں کو نہیں بھولنا چاہیے کہ اللہ دنوں کو تبدیل کرتا رہتا ہے اور ہمیشہ کی بادشاہی اسی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو تو قید کرسکتے ہو، اس کے نظریے کو نہیں، مریم نواز کا ٹویٹ
قبل ازیں مریم نواز نے کہا کہ انھوں نے نواز شریف کی طبیعت پوچھنے کے لیے ملاقات کی اجازت مانگی تھی لیکن انھیں ملاقات کی اجازت سے انکار کر دیا گیا۔
انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ جو ہم پر آج بیت رہی ہے کل آپ پر بھی بیتے گی، یاد دہانی ضروری ہے کیوں کہ مکافاتِ عمل اٹل ہے۔
واضح رہے کہ پچھلی بار نواز شریف سے ملاقات کے بعد مریم نواز نے کہا تھا کہ کئی دنوں سے نواز شریف کی طبیعت خراب ہے اور تین بار انجائنا کا اٹیک بھی ہوا مگر انھوں نے تاکید کی کہ کسی بھی ریلیف کے لیے ان کی بیماری کی تشہیر نہ کی جائے۔