لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلع کرم کے عوام کیلیے دواؤں اور ضروری سامان سمیت 41 آئٹمز کی دوسری کھیپ روانہ کر دی گئی۔
حکومتِ پنجاب کی طرف سے بھیجی گئی کھیپ میں انسولین، کتے کے کاٹے کی ویکسین اور جان بچانے والی دوائیاں بھی شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید 5 امدادی ٹرک فراہمی کیلیے ضروری اقدامات کی ہدایت کر دی۔
مریم نواز کی ہدایت پر پاراچنار کی بزرگ مریضہ کو ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے علاج کیلیے اسلام آباد منتقل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کرم کیلیے ہیلی کاپٹر سروس شروع، 14 مریضوں سمیت 53 افراد پشاور منتقل
وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ سیاست نہیں بلکہ خدمت کا وقت ہے ضلع کرم کے عوام مشکل میں ہیں، پاراچنار کے عوام ہمارے اپنے ہیں لہٰذا مصیبت اور مشکل میں تنہا نہیں چھوڑ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ دعا ہے کرم کے حالات جلد معمول پر آ جائیں اور زندگی معمولات کی طرف لوٹ آئے، عوام کی ضرورت کے مطابق موبائل ہیلتھ یونٹ بھی بھیجا جائے گا جبکہ ضرورت پڑی تو کرم سے مزید مریضوں کو راولپنڈی منتقل کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے مجھے خصوصی طور پر پاراچنار کے لوگوں کی مدد کی ہدایت کی۔
ادھر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر نے بتایا کہ ضلع میں تشویشناک حالت والے مریضوں کو علاج کیلیے منتقل کیا جائے گا۔
گزشتہ روز مریم نواز کی ایئر ایمبولینس سروس کے ذریعے پاراچنار میں بیمار خاتون کی زندگی بچا لی گئی تھی۔
پاراچنار کی بیمار خاتون کو علاج کیلیے پاراچنار سے راولپنڈی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے خاتون کو طبی امداد کیلیے ایئر ایمبولینس فوری طور پر پاراچنار بھجوائی تھی۔
خطرناک بیماری میں مبتلا خاتون کے بیٹے نے حکومت پنجاب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے مدد کی اپیل کی تھی۔ نوجوان کی والدہ کو راولپنڈی الشفا اسپتال منتقل کیا گیا۔