لاہور : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ گزشتہ روز مینار پاکستان لاہور میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے میں رش اتنا تھا کہ شاہد خاقان موٹرسائیکل پر جلسہ گاہ پہنچے، عوام بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جلسے کی کامیابی پر میں نے اپنے ایم این ایز، ایم پی ایز کو دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کیا ہے، انہوں نے اپنی محنت سے جلسے کو کامیاب بنایا ہے۔
مریہم نواز نے کہا کہ وہاں ایک جلسہ جلسہ گاہ میں دوسرا جلسہ گاہ کے پیچھے اور تیسرا جلسہ سڑکوں پر ہورہا تھا، کچھ لوگ ہیں جو منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رش اتنا تھا کہ شاہد خاقان نے مجھے بتایا کہ وہ تنگ راستوں کی وجہ سے موٹرسائیکل پر جلسہ گاہ پہنچے ہیں،
رش زیادہ ہونے کی وجہ سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئی تھیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ میں حیران ہوں کہ عوام میں جلسے کیلئے ایسا جذبہ میں نے پوری زندگی نہیں دیکھا، مینار پاکستان کے اطراف عوام سمندر کی طرح موجود تھی جانے لگی تو راستہ بنانے کیلئے20،25منٹ لگ گئے۔
انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں جگہ کم تھی اس لیے لوگ ہزاروں کی تعداد میں جلسہ گاہ سے باہر بھی موجود تھے، میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی گھر سے نہیں نکلی تھی کہ کچھ لوگوں نے میڈیا پر میرے خلاف پروپیگنڈا شروع کردیا تھا،
ایک سوال کے جواب میں رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو اب عوام لیڈ کررہی ہے، ہم انتخابی حریف ضرور ہیں لیکن ایک دوسرے کے دشمن نہیں، حکومت کی جو رپورٹس ملی ہیں وہاں بھی صف ماتم بچھا ہوا ہے۔