اسلام آباد : مسلم لیگ ن کی سنیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کا اصل چہرہ عوام کو دکھانا ہے، عمران خان نے وزیر اعظم آفس میں بیٹھ کر ملک کیخلاف سازش کی۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ جب ہم آڈیو سنوانے لگے تو آپ نے کہا بہت بار سنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ جتنی بار یہ آڈیو سنیں گے آپ کو احساس ہوگا ملک کے ساتھ کیا ظلم ہوا، عمران خان کے جھوٹ گنوانا شروع کروں گی تو صبح ہوجائے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کا ڈیٹا لیک ہوا، میری آڈیو بھی لیک ہوئی، کتنی بھی آڈیوز آجائیں لیکن اس میں ملک کے خلاف بات سننے کو نہیں ملے گی۔
ن لیگ کی رہنما نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی پر مسلم لیگ ن کبھی سمجھوتا نہیں کرے گی، جب عمران خان کو لگا حکومت جانےوالی ہے اس نے سازش سازش کہنا شروع کردیا، سازش سازش کی باتیں سن کر کان پک گئے تھے۔
مریم نواز نے کہا کہ مجھے پہلے دن سے پتا تھا کہ عمران خان جھوٹ بول رہا ہے کہ سازش ہوئی لیکن یہ سازش نہ پی ڈی ایم نے کی نہ کسی سفیر نے وہ سازش کی۔
سازش صرف اور صرف عمران خان نے کی، اس ساری سازش کا ماسٹر مائنڈ عمران خان کا تھا، ہمیشہ وزیراعظم ہاؤس میں عوام کی بھلائی کے منصوبے بنتے دیکھے، عمران خان نے وزیراعظم کے دفتر میں بیٹھ کر ملک کے خلاف سازش کی۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے ٹیمپرنگ کی یہ زیادہ سنجیدہ بات ہے، اس نے کہا عوام کو کیا پتا اس کو سازش بناؤ، اسد عمر کو کریڈٹ دیتی ہوں انہوں نے کہا یہ ٹرانسکرپٹ ہے۔
عمران خان نے آفیشل ڈاکومنٹ میں ٹیمپرنگ کی، سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس سے عمران خان ساتھ لے گیا، آپ نے سوچا عوام بے وقوف ہے چپ کرکے کردو ان کو کیا پتا۔
عمران خان پاکستان کے عوام اور اپنی جماعت سے معافی مانگنی چاہیے، عمران خان کو اپنی جماعت سے بھی معافی مانگنی چاہیے جن کے سامنے جھوٹ بولا۔
عمران خان نے پاکستان کے سفارتی تعلقات کے خلاف سازش کی، وزیراعظم شہباز شریف کہہ چکے ہیں کہ کوئی ملک پاکستان سے بات کرنے کو تیار نہیں سب ڈرتے ہیں، کوئی ہم پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے خاتون جج کے خلاف باتیں کیں، عمران خان کی ٹریننگ ہی ایسی ہے کہ خواتین پر جملے کسیں، عمران خان کی غلطی پکڑی جائے تو معافی مانگ لیتا ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپہ مار کر ڈاکومنٹس نکالے گئے، اسی طرح عمران خان کے گھر بنی گالہ پر چھاپہ مار کر وہ خط نکالنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج قوم کو پتا چلا کہ میرجعفر میرصادق اور جانور کون ہے، اس آڈیو نے بتا دیا مسٹر ایکس وائی زیڈ بھی تم ہو، مجھے افسوس ہے یہ سب کرنے کے بعد بھی تم آزاد ہو جس کیلئے مجھے اپنی حکومت سے بھی گلہ ہے۔
عمران خان ممنوعہ فنڈنگ اور توشہ خانہ کے تحائف بھی بیچ کر آزاد ہے، یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ وہ کیوں آزاد ہے، کیوں قانون کی گرفت میں نہیں آتا۔
میں اپنی حکومت کو یہ نہیں کہتی اس پر منشیات ڈال کر گرفتار کرلو، عمران خان نے ملک کا آئین توڑا ہے، عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس کو ملک کے خلاف استعمال کیا۔