بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

سکھر : مریم نواز کیخلاف بغاوت کے مقدمے کی درخواست خارج

اشتہار

حیرت انگیز

سکھر : مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کیخلاف اداروں کی تضحیک کے الزام پر مقدمے کیلئے دی گئی درخواست سکھر کی عدالت نے خارج کردی، مریم نواز  نے سرگودھا کے جلسے میں ریاستی اداروں خصوصاً عدلیہ پر  کڑی تنقید کی تھی۔

تحریک انصاف سکھر کے صدر ظہیر بابر کی جانب سے مریم نواز کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کروانے کی درخواست دائر کی گئی تھی، سکھر کی سیشن عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ مریم نواز کی تقریر عدالتی حدود میں نہیں بلکہ سرگودھا میں ہوئی، معاملہ سکھر کی عدالتی حدود میں نہیں ہوا جس کی وجہ سے پٹیشن خارج کی جاتی ہے، پٹیشنر اس معاملے پر دوسرے متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتے ہیں۔

مریم نواز کیخلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکھر کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی، مریم نواز کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل پاکستان نثار ابڑو عدالت میں پیش ہوئے۔ ان کا مؤقف تھا کہ مریم نواز نے تقریر سرگودھا میں کی جو اس عدالت کی حدود میں نہیں۔

اس موقع پر درخواست گزار ظہیر بابر نے کہا کہ قانون موجود ہے 179 سی آر پی سی کے تحت عدالت میں درخواست دی گئی ہے، مریم نواز کے خطاب میں اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی۔

سکھر کی سیشن عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور بعد ازاں سنادیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سرگودھا میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2014 میں جب عمران خان کا دھرنا ناکام ہوگیا اور پھر لاک ڈاؤن ناکام ہوا تو دوسرا طریقہ اپناتے ہوئے عدلیہ سے یہ جج اٹھائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے جلسے میں اسکرین پر تصاویر دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ وہ چہرے تھے جنہوں نے نواز شریف کے خلاف سازش کی تھی اور جو اسکرین پر پانچ کا ٹولہ نظر آرہا ہے آج پاکستان کے حالات کے ذمہ دار یہ لوگ ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں