لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز گلے کاعلاج کرانے جنیوا پہنچ گئیں، وہ والد کے ہمراہ کچھ دن قیام کریں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور ان کی بیٹی وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز علاج اور آرام کی غرض سے جنیوا پہنچ گئے۔
نواز شریف لندن سے جب کہ مریم نواز خصوصی سرکاری طیارے کے ذریعے لاہور سے جنیوا روانہ ہوئیں۔ ان کے ہمراہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور ذاتی عملہ بھی تھا۔
یہ دورہ بنیادی طور پر مریم نواز کے گلے کے انفیکشن کے علاج کے لیے ہے، جس کے لیے وہ کچھ دن جنیوا میں اپنے والد کے ساتھ قیام کریں گی۔
دونوں شخصیات کا قیام جنیوا کے معروف دی رٹز کارلٹن ہوٹل دے لا پیس میں ہے، جہاں انہیں اعلیٰ سطحی سیکیورٹی اور پرائیویسی فراہم کی گئی ہے۔
جنیوا پہنچنے کے بعد نواز شریف نے اپنی بیٹی کے علاج اور صحت یابی کے عمل میں مکمل دلچسپی اور نگرانی کی، جس میں مریم نواز کا طبی معائنہ اور ممکنہ سرجری شامل ہے، یہ علاج ان کے معالجین کی براہ راست نگرانی میں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران مریم نواز انتظامی امور سے بھی جڑی رہیں، جبکہ سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ مریم نواز دور دراز سے بھی پنجاب کے امور کی نگرانی کر رہی ہیں اور اپنے فرائض میں بھرپور طور پر مصروف ہیں۔
مزید برآں اس دورے کے دوران لوزرن کے قریب قطری شہزادے کے سیون سٹار برگن اسٹاک ریزورٹ میں قطری شاہی خاندان نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں ایک خصوصی ڈنر کا اہتمام کیا۔
اس دعوت میں اعلیٰ سطح کے مہمان اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں، جس سے پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات کی اہمیت اجاگر ہوئی۔
اس دورے کے اختتام پر 12 نومبر تک نواز شریف اور مریم نواز لندن واپس جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔