لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 31 دسمبر تک تمام اضلاع میں اسمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لانچ کرنے کی ہدایت کر دی۔
نومنتخب وزیر اعلیٰ مریم نواز نے محفوظ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اتھارٹی ڈیٹا سینٹر اور ڈیجیٹل وال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے 15 کال سینٹر کا بھی دورہ کیا اور لیڈی پولیس کمیونی کیشن آفیسرز سے بات چیت کی۔
مریم نواز نے سیف سٹی مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے تونسہ کی فیکٹری میں چوری کی کال پر رسپانس کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے 15 پر کال کر کے پولیس رسپانس اور ٹائم بھی چیک کیا۔
انہوں نے 31 دسمبر تک تمام اضلاع میں اسمارٹ سیف سٹی پراجیکٹ لانچ کرنے اور خواتین کے تحفظ کیلیے اپ گریڈڈ ’ویمن سیفٹی ایپ‘ لانچ کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے کہا کہ ویمن سیفٹی ایپ 2 ہفتے میں فعال کریں، سیف سٹی کی خواتین پولیس کمیونی کیشن آفیسرز کیلیے ہاسٹل بنائیں گے۔
اس موقع پر نومنتخب وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ جرائم کے سدباب کیلیے سیف سٹی کرائم اسٹاپر ایپ اور ٹرائل رن شروع ہے، ایپ سے دہشتگردی، زیادتی و دیگر جرائم رپورٹ کیے جا سکیں گے جبکہ ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ اور اسلحے کی نمائش روکنے کیلیے اے آئی بیسڈ سافٹ ویئر بھی تیار ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی اتھارٹی کیمروں کے ذریعے تجاوزات کی نشاندہی بھی ممکن ہوگی، کیمروں سے اسپتال، بس اسٹینڈ، ائیرپورٹ اور ریلوے اسٹیشن کی مانیٹرنگ ہوگی۔