لاہور: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے لندن سے بیٹھ کر اقتدار کی طاقت سے ایوان کو ہلا دیا، یہ کہتے تھے لندن میں بیٹھے نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے تمام تکالیف برداشت کیں لیکن نظریے پر قائم رہے، نواز شریف کی جدوجہد کا ثمر ہے لوگ کہتے ہیں ہمیں سیاست میں مت گھسیٹو، نواز شریف نے یارکر پر چھکا لگا کر گیند باہر پھینک دی۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف پلانٹڈ سازشوں کے باوجود گروتھ ریٹ 5 پر لے گئے تھے، انہوں نے ڈان لیکس جیسے جھوٹے الزامات کے باوجود پاکستان کو بلیک لسٹ سے نکالا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسہ نہیں چلا، مسلم لیگ ن کی ٹکٹ چلی ہے، مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے وعدے پر پی ڈی ایم کو لوگوں نے ووٹ دیا، آپ کی ناکامی کا بوجھ آپ کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کیوں اٹھائیں، آپ کے لوگ بھی جانتے ہیں آپ کو پہلی اور آخری بار اقتدار میں لایا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے پہلے کس نے کہا تھا اپوزیشن روئے گی اور آج کون رو رہا ہے، کل جو شکست انہوں نے دیکھی یہ انہیں بہت پہلے نظر آگئی تھی، عمران خان اور پی ٹی آئی اسی لیے سینیٹ الیکشن سے پہلے بھاگ دوڑ کررہے تھے، حکومت کو نظر آرہا تھا ریت ہاتھوں سے پھسل رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لینے جاتے ہو تو یہ بتاؤ عوام کا اعتماد کہاں سے لیں گے، اعتماد کے ووٹ مانگنے والے سے کہتی ہوں آگے گڑھا اور پیچھے کھائی ہے، آنے والا وقت اور الیکشن پاکستان مسلم لیگ ن کا ہے۔