ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

لیڈر عوام کا، ایجنڈا پاکستان کا، مریم نواز

اشتہار

حیرت انگیز

صادق آباد: سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ جلسہ اور مجمع صادق آباد کا لیڈر عوام کا اور ایجنڈا پاکستان کا، پورے ملک کےعوام ناانصافی کے خلاف کھڑے ہوگئے۔

صادق آباد میں مسلم لیگ ن کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے شیروں کو سلام پیش کرتی ہوں، پاکستان کے عوام ناانصافی کے خلاف اب کھڑے ہوگئے ہیں اور جو لوگ ان حالات میں پارٹی چھوڑ رہے ہیں اُن کا مستقبل تاریک ہوگا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ  ’صادق آبادکے لوگوں نے خوش اور حیران بھی کردیا، جلسہ صادق آبادکا،مجمع صادق آبادکا،لیڈرعوام کا اور ایجنڈاپاکستان کا اور آپ کا لیڈر بھی پاکستان کا‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ  صادق آباد اور پنجاب کاموڈ بتارہاہے اس بار لوٹوں کی دال نہیں گلے گی، آئندہ انتخابات میں پارٹی چھوڑنے والے اپنے مستقبل کے بارے میں 10 بار سوچیں گے‘۔

مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ صادق آباد والے نوازشریف سے ہونے والی ناانصافی  کے خلاف  کھڑے ہیں، یہاں کے عوام بھی پوچھتے ہیں کہ صادق آباد بھی پوچھتا ہے نوازشریف کا کیا قصور تھا؟ ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا قصور یہ ہے کہ اُس نے اوپر سے آنے والے حکم پر جھکنے سے انکار کیا اور اُن لوگوں کو واضح کیا کہ اللہ کے آگے جھکوں گا اور صرف عوام کی بات مانوں گا۔

مزید پڑھیں: مائی لارڈ! دہشت گردی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھنے والے وزیراعظم کی سیکیورٹی چھین لو،مریم نواز

سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ مشرف نے نوازشریف کو خاندان سمیت ملک سے باہر نکالا جس کے بعد انہیں کسی ملک میں تو رہائش اختیار کرنا تھی، کیا بغیر ویزے کے کسی ملک میں رہائش دی جاتی ہے؟۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس کے ساتھ ماضی میں ناانصافی ہوئی آج اُسی سے سوال پوچھے جارہے ہیں، مشرف سے سوال کرنے کے بجائے نوازشریف سے پوچھا جارہا ہے کہ ویزہ کہاں سے آیا؟ جبکہ عمران خان آف شور کمپنیوں کے جعلی کاغذات جمع کروارہے ہیں تو انہیں عدالتیں منظور کررہی ہیں، تحریک انصاف کے چیئرمین اقبالِ جرم کرتے ہیں تب بھی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی نہیں بنائی جاتی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک پائی کی بھی جرم ثابت نہ ہونا ہی نوازشریف کا قصور ہے، آج شریف خاندان کو ناکردہ گناہوں کی سزا دی جارہی ہے اور ہم احتساب نامی انتقام کا سامنا کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف جہانگیر ترین کی کرپشن ثابت ہوئی اُس کے باوجود اُن کا مقدمہ نیب نہیں بھیجا گیا، عوامی لیڈر اور آپ کی بہن 70 سے زائد پیشیاں بھگت چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مائنس کرنے والے تھک گئے مگر نوازشریف پلس ہوتا جارہا ہے، مریم نواز

مریم نواز کا کہنا تھا کہ مقدمے کا فیصلہ آنے سے قبل ہی تین بار نوازشریف کو سزا دے دی گئی، آپ کے لیڈر سے پارٹی کی صدارت چھینی گئی، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے اور ویزہ رکھنے پر تاحیات نااہل کیاگیا، نوازشریف کے مقدمات میں عدل و انصاف کے پیمانے تبدیل ہوگئے۔

سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ مخالفین بولتے ہیں نوازشریف اور ن لیگ اداروں سے لڑتی ہے، کیا ناانصافی پر مبنی فیصلے نوازشریف نے کئے؟ کیا احتساب کو انتقام نوازشریف نے بنایا ؟ کیا این اے120میں دھاندلی  سے نتائج نوازشریف نے تبدیل کرانے کی کوشش کی، کیا سینیٹ تاریخ کی بدترین ہارس ٹریڈنگ نوازشریف نے کی؟ کیا بلوچستان میں ن لیگ کی حکومت نوازشریف نے ختم کی؟ کیا ممبرزکو بیچنا اور خریدنا نوازشریف نے کیا ؟ کیاعمران خان اور زرداری کا گٹھ جوڑ نوازشریف نے کرایا؟ جب یہ سب کچھ نہیں کیا اور سازشیں شروع ہوئیں تو پھر کیا کرتے؟۔

اسے بھی پڑھیں: ‘میں ڈکٹیشن نہیں لوں گا’ نوازشریف کی تاریخی تقریر کے25سال مکمل، مریم نواز کا ٹوئٹ

مریم نواز کا کہنا تھاکہ ووٹ کی پرچی کے خلاف استعمال ہونے والے مہروں کے چہرے یاد رکھنا، نوازشریف ووٹ کی پرچی اور عزت کی بات کرتا ہے، صادق آباد کے لوگوں 2018 کے انتخابات میں پولنگ اسٹیشن جاکر ووٹ کی حرمت کو برقرار رکھنا اور سازشیوں کو بے نقاب کردینا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کے ساتھ کھڑے لوگوں نے نظریہ نہیں بدلا، جس نے ووٹ کی پرچی سے وفا نبھائی اس نےاپنے لیڈر سے وفا کی اس لیے نااہلی کے بعد کل خواجہ آصف کا سیالکوٹ میں شاندار استقبال ہوا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں