وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ گھریلو خاتون نے پاکستان کے اس محسن پر حملہ کیا جو ہر مشکل میں ساتھ کھڑا رہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کچھی کینال کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ گھریلو خاتون جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں انہوں نے پاکستان پر کل حملہ کیا، حیران ہوں کہ پاکستان کے محسن دوست پر حملہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے جو بگاڑ کا اندیشہ ہے اس کے نتائج سے یہ واقف نہیں ہیں، یہ حملے خارجی یا دہشت گرد نہیں کے پی حکومت کررہی ہے، کے پی حکومت پنجاب اور وفاق پر حملوں کے لیے تیار بیٹھی ہے، ان کا ایجنڈا بہت خطرناک ہے جو ہماری بھی سمجھ سے باہر ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جہاں بیرونی حملے ہورہے ہیں وہاں اندرونی حملے بھی ہورہے ہیں، وزیراعظم سے کہا پنجاب پولیس کے سر دہشت گرد نہیں پھاڑ رہے بلکہ کے پی حکومت پھاڑ رہی ہے، ایسا پاکستانی جس کے دل میں اس مٹی کی محبت ہو وہ یہ کام نہیں کرسکتا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جب پاکستان ترقی کرنے لگتا ہے یہ دھرنے دینے کیوں آجاتے ہیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکومت گرانے کا الزام امریکا پر عائد کیا تھا جبکہ اہلیہ بشریٰ بی بی کسی اور پر یہ الزام لگادیا ہے۔
بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو باجوہ کو فون کالز آنا شروع ہوگئی تھیں۔
بشریٰ بی بی کے مطابق باجوہ کو کہا گیا یہ آپ کس شخص کو لے آئے ہیں ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں، باجوہ کو کہا گیا ہم تو اس ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لے آئے۔
بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ کہا گیا ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہیے تب سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کردیا گیا، میرے خلاف گند ڈالا گیا اور بانی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کردیا گیا۔