اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ہم جس ملک میں رہتے ہیں وہاں نہ آئین ہے نہ انصاف ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے پی ڈی ایم کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگ دیکھ کر لگتا ہے کہ آج لانگ مارچ ہورہا ہے، جس دن عوام لانگ مارچ کے لیے پہنچے گی تو کیا عالم ہوگا۔
مریم نواز نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو یہ بتائیں آپ کا ادارہ پاکستان کا آئینی ادارہ ہے، یہ وہ ادارہ ہے جس پر آئین اور ووٹ کی عزت کی ذمہ داری ہے، کیا اس ادارے نے ووٹ کی عزت کرائی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ایک کمیٹی بنائی جسے کہتے ہیں اسکروٹنی کمیٹی، اسکروٹنی کمیٹی کا کام تھا تحقیقات کرکے عوام کے سامنے رکھتی، تین سال ہوگئے کمیٹی تحقیقات ہی کررہی ہے، اسکروٹنی کمیٹی کو اوپر سے کہا گیا ان پر ہاتھ ہولے رکھو، الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی ان کی تابعدار بن گئی۔
مریم نواز نے کہا کہ آپ کا دامن صاف تھا تو کارروائی خفیہ رکھنے کی 4 درخواستیں کیوں دیں، بیان بدلنا ان کا روز کا کام ہے اس لیے انہیں یوٹرن کہا جاتا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ آج پیٹرول بم عوام کے سروں پر گرتا ہے، الیکشن کمیشن والوں سن لو عوام آپ کو شریک جرم ٹھہراتی ہے، ہر روز کمر توڑ مہنگائی ہے، عوام آپ کو شریک جرم ٹھہراتی ہے۔