لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو تو قید کرسکتے ہو، اس کے نظریے کو قید نہیں کرسکتے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا ہے کہ نواز شریف کا نظریہ آئین، قانون اور عوام کی حکمرانی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا نظریہ ووٹ کی حکمرانی ہے جو کبھی ہار نہیں سکتا، اس نظریے کو کامیاب ہی ہونا ہے انشااللہ۔
نواز شریف کی صاحب زادی نے اپنے ٹویٹ میں والد کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں لکھا ہے ’نظریے زنجیروں میں نہیں جکڑے جاتے۔‘
نواز شریف کو تو قید کر سکتے ہو، اس کے نظریے کو نہیں۔ اس کا نظریہ آئین اور قانون کی حکمرانی ہے، عوام کی حکمرانی ہے، ووٹ کی حکمرانی ہے اور یہ نظریہ کبھی ہار نہیں سکتا۔ اس کو کامیاب ہی ہونا ہے انشاءاللہ! pic.twitter.com/BMAtML104h
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) May 31, 2019
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی مریم نواز نے ٹویٹر پر لکھا تھا کہ میاں صاحب سے ملاقات کے دوران معلوم ہوا کہ پچھلے دنوں سے ان کی طبیعت خراب ہے اور تین بار انجائنا کا اٹیک بھی ہوا مگر انہوں نے مجھے تاکید کی کہ کسی بھی ریلیف کے لیے ان کی بیماری کی تشہیر نہ کی جائے۔
مریم نواز کے مطابق نواز شریف نے معاملہ اب اپنے اور اللہ کے درمیان قرار دیا۔
ایک اور ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں گزشتہ پورے ہفتے نواز شریف سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی انہوں نے دعویٰ کیا کہ محکمہ داخلہ کے ایک افسر نے بتایا کہ یہ احکامات اوپر سے جاری ہوئے۔