اسلام آباد : سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کے فیصلے نے ثابت کر دیا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی، احتساب نامی انتقام کا ہدف صرف نواز شریف ہے۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی،عمران خان اورجہانگیر ترین نااہلی کیس کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں ان کا مزید کہنا تھا کہ آج جانبدارانہ احتساب اور احتساب کے نام پر انتقام سے تمام پردے اٹھ گئے ہیں، ثابت ہو گیا کہ اقامہ صرف بہانہ تھا نواز شریف نشانہ تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے فیصلے نے اس تاثر پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے کہ نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اب شک کی کوئی گنجائش نہیں کہ کسی بھی سازش، دھرنوں اور احتساب نامی انتقام کا ہدف صرف نوازشریف ہے کیونکہ عوام کا اصل نمائندہ ہی نوازشریف ہے۔
فیصلے میں عدالت کے ریمارکس کہ ’’عمران خان پر اپنی آف شور کمپنی ظاہر کرنا ضروری نہیں تھا ‘‘ پر مریم نواز نے لکھا کہ ’’ لیکن نواز شریف پر ایک خیالی تنخواہ ظاہر کرنا ضروری ٹھہرا‘‘۔
اپنے اگلے ٹوئٹ میں جسٹس فیصل عرب کے ریمارکس کہ’’عمران خان کیس کا موازنہ نواز شریف کے کیس سے نہیں کیا جا سکتا ‘‘ پر انہوں نے کہا کہ ’’جج صاحب ! آپ کو صفائی دینے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی ؟ کیا آپ پاناما بنچ کا حصہ تھے؟ کیا آپ نواز شریف کے خلاف کسی سماعت کا حصہ رہے؟‘‘۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔