لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور ڈویلپمنٹ پلان پروجیکٹ دیکھتے دیکھتے سبزی کی دکان پر پہنچ گئیں جہاں انہوں نے شہریوں سے گفتگو کی۔
مریم نواز نے دکاندار سے پیاز، کریلے، آلو، گوبھی اور گوار کی پھلیاں کے نرخ پوچھے تو ایک خاتون نے انہیں سبزیوں کے قیمتوں میں کمی کے بارے میں بتایا۔ وزیر اعلیٰ نے سبزی کی دکان پر سرکاری نرخنامہ بھی چیک کیا۔
اس دوران انہوں نے ایک بچے کو پاس بلا کر اظہار شفقت کیا اور کہا کہ ’جیتے رہیں، خوش رہیں‘۔
دورے کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ سارا دن مجھے فکر ہوتی ہے کہ عوام کیلیے کھانے پینے کی چیزیں مہنگی نہ ہو جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: میں خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہوں، مریم نواز
انہوں نے چوبری کے علاقے میں بازار کا بھی دورہ کیا جہاں شہریوں نے بازار کی نئی بننے والی سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹی اور خراب ہونے کے بارے میں بتایا۔
مریم نواز نے کہا کہ میں چاہتی تھی کہ خود جا کر دیکھوں کہ لاہور کے علاقوں کی گلیاں کیسی ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے دریافت کیا کہ کوئی خدمت میرے لائق ہو تو بتائیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے صفائی اور پروجیکٹس کے بارے میں پوچھا تو شہریوں کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی آپ کو خوش رکھے، کسی وزیر اعلیٰ نے ہمارا یہاں کبھی حال تک نہیں پوچھا آپ یہاں آنے والی پہلی چیف منسٹر ہیں۔
شہری نے کہا کہ ہماری گلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں ہر طرف گندگی تھی آپ نے سب ٹھیک کروایا اللہ اجر دے، اللہ تعالیٰ آپ کے والد محترم نواز شریف صاحب کو صحت و سلامتی عطا فرمائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سالوں سے منتظر تھے کہ کوئی آئے ہماری گلی صاف کروائے اور بنائے، 40 سال بعد ہماری گلی بنائی گئی 15 دن پہلے کام شروع ہوا اور آج مکمل ہو چکی ہے۔
اس پر مریم نواز نے کہا کہ میں گلیاں اور روڈز بنتے دیکھنا چاہتی تھی اسی لیے خود آئی ہوں۔