The news is by your side.

Advertisement

حمزہ شہباز کی سپورٹ کیلیے مریم نواز کو آگے لانے کا فیصلہ

لاہور: مسلم لیگ (ن) نے وزارت اعلیٰ پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز کی سپورٹ کے لیے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کو آگے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مریم نواز کو آگے لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مریم نواز آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گی، مریم نواز حمزہ شہباز کے ساتھ اجلاس میں شرکت کریں گی۔

دوسری جانب مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں پنجاب اسمبلی جانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آج شام 7 بجے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جاؤں گی، حمزہ شہباز کے ساتھ کھڑی ہوں جسے واضح اکثریت حاصل ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز حمزہ شہباز کی حمایت میں آج 7 بجے پنجاب اسمبلی جائیں گی، مریم نواز وزیر اعلیٰ  پنجاب کے امیدوار حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کریں گی۔

ادھر ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسمبلی اجلاس 16 اپریل صبح ساڑھے 11 بجے ہی منعقد ہوگا۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب کو اسمبلی قواعد کے تحت تفویض کردہ اختیارات واپس لے لیے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے اختیارات کی واپسی کے آرڈر جاری کر دیے۔ ڈپٹی اسپیکر کا آرڈر قواعد انضباط کار 1997 کے قاعدہ 28 کی شرائط کے خلاف ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ رات ڈپٹی اسپیکر کے دستخط سے اجلاس طلبی کا جعلی آرڈر جاری ہوا، آج اجلاس طلب کرنے کے جعلی آرڈر کا اسمبلی سیکریٹریٹ نے جائزہ لیا ،اس جعلی آرڈر پر کوئی ڈائری نمبر درج نہیں کیا گیا۔

پنجاب اسمبلی کے ترجمان کے مطابق ڈائری نمبر ایسی اہم نوعیت کی دستاویزات کے لیے ضروری ہوتا ہے، یہ آرڈر اسمبلی سیکرٹریٹ نے تیار کیا اور نہ ہی اسے جاری کیا، ڈپٹی اسپیکر کا جاری کردہ مذکورہ آرڈر اسمبلی قواعد و ضوابط کے خلاف ہے، زیرِ بحث آرڈر اسمبلی سیکرٹریٹ سے باہر تیار کیا گیا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں