لاہور : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد ن لیگ میں ایڈوائزری بورڈ تشکیل دینے کیلئے ہدایات جاری کردیں ، مریم نواز شہبازشریف کی عدم موجودگی میں قیادت سنبھالیں گی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد ن لیگ میں ایڈوائزری بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے نواز شریف نےہدایات جاری کردیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز شہبازشریف کی عدم موجودگی میں قیادت سنبھالیں گی اور پی ڈی اے کے جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کریں گی، پی ڈی اے کا افتتاحی جلسہ کوئٹہ میں کرانے کی تجویز سامنے آئی ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے، مریم نواز اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کریں۔
خیال رہے لاہور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کردی تھی ، جس کے بعد نیب حکام نے شہباز شریف کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتارکرلیا تھا۔
بعد ازاں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا شہبازشریف نے بھائی کیخلاف جانے کے بجائے جیل کوترجیح دی، شہباز شریف کو سلام۔