اتوار, جنوری 19, 2025
اشتہار

‘پاسپورٹ مل گیا، انشااللہ جلد جارہی ہوں’

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: ئانب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے پاسپورٹ ملتے ہی بیرون ملک جانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے کہا کہ آج اللہ کے شکر سے میرا پاسپورٹ مجھے واپس مل گیا ہے، جلد بیرون ملک جارہی ہوں، اب مجھ سے مزید انتظار نہیں ہورہا کہ کب جاؤں اور اپنے والد سے ملو؟، یہ بڑا جذباتی لمحہ ہوگا جب تین سالہ عرصے بعد ان سے ملوں گی۔

مریم نواز نے کہا کہ اس کے علاوہ میری ایک سرجری ہے جو کہ پاکستان میں نہیں ہورہی، انشااللہ ایک فائٹنگ فٹ ہوکر واپس آؤں گی۔

- Advertisement -

پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے کہا کہ اب نوازشریف کا راستہ صاف ہے بس صرف عدالت میں ایک درخواست دینی ہے، ہم درخواست دیں گےمگرٹائمنگ کافیصلہ میاں صاحب خود کرینگے،  اللہ کرے میاں صاحب میرے ساتھ واپس آئیں واضح کردوں کہ نواز شریف ضرور وطن واپس آئیں گے۔

عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس ختم ہونے پر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے جج سے معافی اپنی جان بچانے کےلئے مانگی، اسے پتہ تھا کہ اگر ایسا نہ کیا تو وہ نااہل ہوجائینگے۔

مریم نواز نے کہا کہ لاڈلے کو معافی ملنے کے بعد طلال چوہدری،دانیال عزیز اور نہال ہاشمی کوبھی معافی ملنی چاہئے انہوں نے کچھ نہیں کیا، وہ سیاسی لوگ ہیں ۔

مریم نواز نے الزام لگایا کہ ایوان صدر میں خفیہ ملاقات کرنے والا این آر او مانگ رہا ہے اور این آر او نہیں ملتا تو باہر آکر شور کرتے ہو، تمہارے خلاف اتنے بڑے بڑے کیسز ہیں، فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں مجرم یہ ثابت ہوا جبکہ فرح خان کو راتوں رات باہر بھیج دیا گیا یہ این آر او نہیں؟ ہم تمہاری طرح چھپ کر ضمانتیں نہیں کرواتے۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو سامنے آجانے کے بعد عمران خان کا سائفر والا بیانیہ بھی جھوٹا ہے، عمران خان نے ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ سائفر گم ہوگیا، سائفر حکومت کی امانت ہے کوئی ہیرے کی انگوٹھی نہیں، ریاست کی دستاویز کو آپ نے غائب کیا ہے۔

یاد رہے کہ آج چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی کی سربراہی میں جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل تین رکنی فل بینچ نے مریم نواز شریف کی جانب سے پاسپورٹ واپسی کے لئے دائر درخواست منظور کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں