لاہور: نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے بے نظیر بھٹو کی برسی سے متعلق بلاول بھٹو کی دعوت قبول کرلی ہے۔
ذرائع نون لیگ کے مطابق مریم نواز بلاول بھٹو کی دعوت پربینظیربھٹو کی برسی کی تقریبات میں شرکت کریں گی، مسلم لیگ (ن) سندھ نے مریم نواز کے دورہ سندھ کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز چھبیس دسمبر کو سکھر پہنچیں گی، جہاں وہ نون لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی۔
ستائیس دسمبر کو نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز لاڑکانہ جائیں گی، جہاں وہ بلاول بھٹو کی دعوت پربینظیربھٹو کی برسی کی تقریبات میں شرکت کریں گی۔
واضح رہے کہ گیارہ دسمبر کو بلاول بھٹو اور مریم نواز کے درمیان جاتی امرا میں اہم ملاقات ہوئی، جہاں بلاول بھٹو نے مریم نواز سے ان کی دادی بیگم شمیم اختر کےانتقال پر تعزیت کی، بلاول بھٹو نے مرحومہ بیگم شمیم اختر کےدرجات بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
ملاقات میں بلاول بھٹو نے مریم نواز کو بے نظیربھٹو کی برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسےکی دعوت بھی دی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے شیری رحمان، راجہ پرویز اشرف ، قمرزمان کائرہ موجود تھے جبکہ نون لیگ کی جانب سے احسن اقبال، رانا ثنااللہ، پرویز رشید، محمد زبیر اور مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔