لاہور : مسلم لیگ ن کی کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری ملک دشمنی اور ضمنی انتخاب پر اثر انداز ہونے کوشش ہے، نیب کو سیاسی انتقام کیلیے استعمال کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی گرفتاری کو ملک دشمنی قرار دے دیا، لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خاتون لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک طرف کہا جارہا ہے کہ نیب آزاد ادارہ ہے۔
دوسری طرف کہتے ہیں کہ ابھی تو یہ پہلی گرفتاری ہے، شہباز شریف کی گرفتاری محض سیاسی انتقام ہے، اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پارلیمان کی توہین اور ملک دشمنی ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ شہبازشریف کی گرفتاری اس کیس میں ہوئی جس کی نشاندہی انہوں نے خود کی، ان کے کام کی گواہی پاکستان سمیت پوری دنیا کرتی ہے، لوگوں کی خدمت کرنا شہبازشریف کا قصور ہے۔
لیگی رہنما نے وزیر اعظم کا نام لے کر کہا کہ جتنی سازش کرنی ہے کرلیں ان کے اپنے لوگ اس کاشکار ہوں گے، ن لیگ اس سے زیادہ کڑے اور نام نہاد احتساب سے گزرچکی ہے، شہبازشریف کا متبادل عثمان بزدار ہوگا تو پورا پنجاب گواہی دے گا، شہباز شریف کو آج صاف پانی کیس میں بلایا اور پھر گرفتار کرلیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ نہیں ٹوٹی، نہ مائنس ون ہوا اور نہ ہی کوئی فارورڈ بلاک بنا، ن لیگ کے تمام قائدین لاہور میں اکٹھے ہورہے ہیں، ہماری قانونی ماہرین سے ملاقاتیں شروع ہوچکی ہیں، تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں کارکنان متحد رہیں اور انتشار پھیلانے والوں کی سازش سے بچیں، ہم تحریک انصاف والوں کی طرح سڑکیں بند نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی گرفتاری کے معاملے پرقانونی مشاورت شروع کردی گئی ہے، اس سلسلے میں پارٹی سیکریٹریٹ میں شہبازشریف کے صاحبزادےحمزہ شہباز اجلاس کی زیر صدارت اہم اجلاس ہورہا ہے۔
شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے لیگی رہنماؤں کو قانونی نکات سے آگاہ کیا، اجلاس میں ایازصادق، رانا تنویر، ملک پرویزسمیت دیگر پارٹی رہنما شریک ہیں۔