تازہ ترین

ہم سب مل کر ٹیم پاکستان ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ...

ہمیں ملک کے مفاد میں سخت فیصلے کرنا ہوں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ہمیں...

آزاد ارکان قومی اسمبلی کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت تسلیم

الیکشن کمیشن نے 8 فروری کے عام انتخابات میں...

چوہدری شوگر ملز کیس ، نواز شریف اور مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا

لاہور : احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر کو ریفرنس جلد دائر کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں چوہدری شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی ، جج امیر محمد خان نے سماعت کی ، سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوگئیں جبکہ بھتیجے یوسف عباس کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا۔

سماعت میں مریم نواز نے چوہدری شوگر ملز ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی ، جس میں کہا گیا نیب نے چوہدری شوگرملز کا ابھی تک ریفرنس دائر نہیں کیا، علیم خان، سبطین خان کو بھی ریفرنس دائر ہونے تک استثنیٰ دیا گیا، ،مجھے بھی ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

جج امیر محمد خان نے استفسار کیا نواز شریف آج عدالت کیوں نہیں آئے، جس پر وکیل نے بتایا ہائی کورٹ سے اجازت پرنوازشریف علاج کیلئے بیرون ملک چلے گئے، نواز شریف کو حاضری سےاستثنیٰ دیاجائے۔

جس پر عدالت نے کہا ہائی کورٹ نے انہیں جانےکی اجازت دی ہےتومدت کابھی تعین کیاہوگا، وکیل کا کہنا تھا ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں مدت سے متعلق طریقہ کار وضح کیا ہے۔

وکیل مریم نواز کا کہنا تھا کہ ابھی تک نیب نےچوہدری شوگر ملزکاریفرنس دائر نہیں کیا، کیس میں اور بھی ملزم ہیں جوپیش نہیں ہو رہے ، ابھی تک اور ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا جبکہ نیب نے حتمی رپورٹ یاضمنی ریفرنس پیش نہیں کیا۔

مریم نوازکی درخواست پر نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ کی جانب سے جواب داخل کرانےکےلئےمہلت کی استدعا کی گئی اور کہا گیا درخواست پڑھ کراس کاجواب دیں گے، عدالت نےاستدعا مسترد کرکے دلائل دینے کی ہدایت کردی۔

چوہدری شوگرملزکیس میں احتساب عدالت نے مریم نواز کوآئندہ عدالتی حکم تک جبکہ نواز شریف کو 4 ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیٰ دے دیا، نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں مریم نواز کی حاضری سےاستثنیٰ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا قانون کے مطابق ضمانت کے بعد بھی ملزم کو پیش ہونا پڑتا ہے۔

عدالت کا نیب پراسیکیوٹر کو ریفرنس جلد دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں : چوہدری شوگرملز کیس : نوازشریف کی آج حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور

یاد رہے گذشتہ سماعت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست پیش کی تھی، جس پر عدالت نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی تھی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ آپ کا حکم ہو اور ہم پیش نہ ہوں، نواز شریف کو چھوڑ کر آنا بہت مشکل تھا مگر عدالتی حکم پر آئی ہوں، وکیل نے کہا جب تک ریفرنس نہ آئے اس وقت تک ملزم کو استثنیٰ دیا جاسکتا ہے، اس وقت انکوائری ہورہی ہے، ٹرائل شروع نہیں ہوا، ضمانت کے بعد نیب کیسز میں ریفرنس آنے تک ملزم کو استثنیٰ دیا جاتا ہے۔

خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز چوہدری شوگرملزکیس میں ضمانت پر ہیں۔

واضح رہے 11 اکتوبر کو قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے چوہدری شوگرملز کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کوگرفتار کیا تھا، جس کے بعد احتساب عدالت نے نواز شریف کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔

Comments

- Advertisement -
عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں