لاہور: سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازآج سے اپنی والدہ کی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرینگی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز حلقہ این اے 120 میں اپنی والدہ کی انتخابی مہم کا آج سے باقاعدہ آغاز کررہی ہے، مریم نواز داتادربار پرحاضری دے کر مہم کا آغاز کریں گی۔
مریم نواز صفانوالہ چوک کے قریب لیگی ایم پی اے ماجد ظہور کی جانب سے قائم کردہ مرکزی انتخابی دفتر کا آج چار بجے افتتاح کریں گی، ان کے استقبال اور مسلم لیگ ن کی عوامی قوت کے مظاہرے کے لئے بھر پور تیاریاں کی جارہی ہیں۔ جس کے لئے فلیکس ، بینرز اور قد آور تصاویر لگائی جارہی ہیں۔
مسلم لیگ ن کے قائدین کو اس پروگرام کو کامیا ب بنانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے۔
کارکنوں کا کہنا ہے کہ حلقہ این اے 120 میں کامیابی کے لئے وہ سرتوڑ کوشش کررہے ہیں، یہ حلقہ مسلم لیگ کا ہے اور اسی کے پاس رہے گا۔
مزید پڑھیں : این اے 120 کی عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کو محبت کا تحفہ دیا، مریم نواز
یاد رہے کہ دو روز قبل سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیٹی مریم نواز کی زیرصدارت این اے 120 ضمنی الیکشن سے متعلق اجلاس ہوا تھا ، جس میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف پاکستان کی ترقی کے ضامن ہیں اور این اے 120کی عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کو محبت کا تحفہ دیا۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف بدعنوانی کا مقدمہ ثابت نہیں ہوسکا، عوام 17 ستمبر کو نوازشریف کی محبت کا قرض اتاریں گے۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ این اے 120 میں امیدوار کلثو م نواز کی عدم موجودگی میں مریم نواز انتخابی مہم چلائیں گی، وفاقی وزیر پرویز ملک اس مہم کے انچارج ہوں گے ان کے ساتھ لاہور سے چار ایم این اے، رانا مبشر، خواجہ سعد رفیق اور دیگر شامل ہوں گے ساتھ ہی لاہور کی تمام خواتین ارکان اسمبلی بھی اس مہم کا حصہ ہوں گی۔
مزید پڑھیں : این اے 120 کی انتخابی مہم مریم نواز چلائیں گی
واضح رہے کہ این اے 120 کی نشست سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی اور سابق وزیراعظم کی اہلیہ کلثوم نواز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو بیس کے ضمنی انتخاب کے لئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار ہیں۔
سابق خاتون اول ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے آخری روز لندن روانہ ہوگئی تھیں۔