لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف کی عیادت کے لیے مریم نواز جناح اسپتال پہنچیں، اس موقع پر وہ کھانا بھی ساتھ لائیں، جبکہ کارکنوں کی دھکم پیل کے باعث ایم ایس آفس کی راہداری میں شیشے ٹوٹ گئے۔
تفصیلات کے مطابق نون لیگ کی رہنماء مریم نواز اپنے والد کی عیادت کے لیے جناح اسپتال پہنچیں، مریم نواز کی آمد کے موقع پر نون لیگی کارکنوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے باعث بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
دھکم پیل کے باعث ایم ایس آفس کے سامنے راہداری کے شیشے ٹوٹ گئے، نون لیگ کے کارکنان نعرے بازی کرتے رہے، اسپتال کی حدود میں اونچی آواز میں پارٹی ترانے بجاتے رہے، جس سے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
مریم نواز نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی انجیو گرافی کروائی جائے گی۔
دھکے پڑنے پر صحافیوں سے معذرت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بھی جب والد کی تیمارداری کے لیے آتی ہیں تو انہیں بھی دھکے پڑتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے مزید ٹیسٹ ہو رہے ہیں شام تک رپورٹس آئیں گی۔
نواز شریف کے لیے جناح اسپتال کا پرائیویٹ وارڈ سب جیل قرار
خیال رہے کہ کوٹ لکھپت جیل کے قیدی سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے لیے جناح اسپتال لاہور کا نجی وارڈ سب جیل قرار دیا گیا ہے۔
ذرایع کا کہنا تھا کہ انچارج سب جیل اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ امین صادق ڈیوٹی پر مامور کر دیے گئے ہیں، افسران و ملازمین سیکورٹی سمیت دیگر امور سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کریں گے۔