کراچی : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ مریم اورنگزیب نے ابھی بتایا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی ضمانت منظورہوگئی ہے، کوئی سمجھتا ہے دھمکیوں سے مرعوب ہوجائیں گے تویہ خام خیالی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سب اورپی ڈی ایم قیادت کی شکر گزارہوں، جو یہاں موجود نہیں انھوں نے بھی فون پر تشویش کا اظہار کیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ 6 بجے کےقریب کسی نے زور زور کر دروازہ پیٹناشروع کیا اور دروازہ توڑنےکی کوشش کی گئی ، بلاول بھٹو نے فون کیا وہ غصے میں تھا انھوں نے کہا یہ برا واقعہ ہوا،ہماری بہن اورمہمان کیساتھ ایسا سلوک ہوگا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی فون کرکے کہا کہ ہم شرمندہ ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک لمحےکیلئے بھی نہیں لگا کہ سندھ حکومت معاملے میں ملوث ہے، سب سمجھ آرہا ہے کہ کیا کھیل کھیلا گیا ، پی ٹی آئی کارکنوں نے مزار قائد پر ہلڑ بازی کی اس پر کوئی پوچھنے والا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو ایسا نعرہ نہیں، جس سے کسی کی بےحرمتی ہوئی ہو، ووٹ کو عزت دو قائداعظم کے فرمودات کی وضاحت ہے، مزار قائد پر نوازشریف، مریم نواز کے نعرے نہیں لگے، یہ جو نامعلوم افراد ہیں انھیں سب جانتے ہیں، کیا نوازشریف نے جو سوال اٹھائے کیا ان کے جوابات یہ ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ایف آئی آر درج کرانے والا دہشت گردی عدالت سے مفرور ہے،دہشت گردی،غداری کے پرچے کرانیوالوں کے مدعی ایک جیسے کیوں ہوتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو دھمکیاں بہت وقت سے مل رہی تھیں، کوئی سمجھتاہے دھمکیوں سے مرعوب ہوجائیں گے تویہ خام خیالی ہے، اردگرد کارروائی سے بہتر ہے میں یہاں موجود ہوں آؤ گرفتارکرو۔
مریم صفدر سندھ حکومت سے پوچھنے کے بجائے دوسروں پرالزام لگارہی ہیں، ڈاکٹر شہباز گل
دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے درعمل دیتے ہوئے کہا مزارقائد سمیت تمام مزارات کیلئے قوانین موجود ہیں، سندھ پولیس اورتھانے سندھ حکومت کے کنٹرول میں ہیں، مریم صفدر سندھ حکومت سے پوچھنے کے بجائے دوسروں پرالزام لگارہی ہیں۔
شہبازگل کا کہنا تھا کہ قوانین توڑتے ہیں، مزارات کی بےحرمتی کرتے ہیں اورکہتے ہیں کوئی پوچھے نہ، خلائی مخلوق کی باتیں کرنا ان کو زیب نہیں دیتا، انھوں نے کسی ناکسی طریقے سے ریاست اوراداروں پر حملہ کرنا ہے۔