نیویارک: جاپانی ٹینس اسٹار ناؤمی اوساکا بھی نسلی تعصب کے خلاف میدان میں آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق جاپانی ٹینس اسٹار ناؤمی اوساکا بھی نسلی تعصب کے خلاف متحرک ہوگئیں، ناؤمی نے سیاہ فام امریکیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف منفرد احتجاج ریکارڈ کروایا۔
ناؤمی اوساکا یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں ماسک پہن کر آئیں، سابق چیمپئن کے ماسک پر متاثرہ شخص کا نام درج تھا۔
جاپانی ٹینس اسٹار کا یو ایس اوپن میں منفرد احتجاج لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
سابق عالمی نمبر ون اور دو بار گرینڈ سلم چیمپئن ناؤمی اوساکا کے فیس ماسک پر ان سیاہ فاموں کے نام درج ہیں جو نسلی تعصب کا نشانہ بنے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ناؤمی اوساکا سیاہ فام شہری جیک بلیک پر فائرنگ کے خلاف بطور احتجاج ڈبلیو ٹی اے ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن کے سیمی فائنل سے دست بردار ہوگئی تھیں۔
خیال رہے کہ امریکی پولیس کی جانب سے سیاہ فام شہریوں کی ہلاکت کے بعد احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے تھے جبکہ سیاہ فام جارج فلائیڈ کو بے دردی سے مارنے والے پولیس افسر کو ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔