ریاض: سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن کے بعد بھی کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت صحت کے سیکریٹری ڈاکٹر ہانی جوخدار کا کہنا ہے کہ کرونا سے بچاؤ کے لیے مقرر کیے جانے والے ضوابط پر عمل آئندہ برس جون تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
انھوں نے ویکسی نیشن کے حوالے سے کہا کہ میں یہ نہیں سمجھتا کہ ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلے کے اصول پر عمل جون 2021 سے قبل ختم کیا جا سکتا ہے۔
امور صحت کے سیکریٹری نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مملکت میں شروع کی جانے والی ویکسی نیشن کی یہ مہم تاریخ میں سب سے بڑی مہم ہے، یہ مملکت ہی نہیں بلکہ دنیا کی تاریخ میں سب سے بڑی مہم ہے۔
ان کا کہنا تھا ویکسی نیشن کی مہم کامیاب ہونے یعنی مملکت کی 50 سے 60 فی صد آبادی کو ویکسین لگائے جانے کی صورت میں یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہم ایس او پیز میں نرمی کر دیں تاہم اس کے لیے کافی وقت درکار ہوگا۔
انھوں نے بتایا آئندہ ماہ جنوری میں مملکت کے بیش تر شہروں میں ویکسی نیشن سینٹرز کام کرنا شروع کر دیں گے، جن میں یومیہ 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائے جانے کی گنجائش ہوگی۔