لاہور : ملک بھر کی مذہبی و سیاسی جماعتوں نے نظریہ پاکستان کے احیاء اور مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔
اس بات کا اعلان نظریہ پاکستان رابطہ کونسل کے زیر اہتمام لاہور میں ہونے والی قومی مجلس مشاورتی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ایک کور کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جس میں سیاسی و مذہبی قائدین اور دانشوروں سمیت ہر طبقہ فکر کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔
اجلاس نے مشترکہ طور پر 14اگست کو لاہور سمیت پورے ملک میں نظریہ پاکستان کارواں، جلسوں اور ریلیوں کا انعقاد پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کہنا تھا کہ اتحادویکجہتی کی قوت سے پاکستان بن سکتا ہے تو کشمیر کیوں آزاد نہیں ہو سکتا؟ملک میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی را ملوث ہے۔
حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان اس وقت سازشوں میں گھرا ہوا ہے۔جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ چاروں اطراف سے ہم خطرات میں گھرے ہوئے ہیں۔
قیام پاکستان کے مقاصد اور نظریہ پاکستان سے پیچھے ہٹنے کی وجہ سے مسائل میں اضافہ اور قوم منتشر ہوتی جا رہی ہے۔