اسلام آباد : صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارتی فوج کی سیز فائرخلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے، بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی صدر آزاد کشمیر مسعود خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے شدید مذمت کی ہے۔
اس حوالے سے فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارت ایل او سی کی سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کررہا ہے، بھارتی فائرنگ سے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پاک فوج نے دفاع وطن کیلئےغیر معمولی قربانیاں دی ہیں.
شہید صوبیدار،سپاہی احسان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں، بھارتی فوج شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے، پاک فوج کے بھرپور جواب نے بھارت بندوقوں کو خاموش کرادیا، کنٹرول لائن پر بسنے والے شہریوں کے حوصلے بلند ہیں۔
دوسری جانب صدرآزاد کشمیر سردار مسعود خان نےحریت کانفرنس کے دفتر کا دورہ کیا، کنونیر حریت کانفرنس فیض نقشبندی، عبداللہ گیلانی نے استقبال کیا.
اس موقع پر سردار مسعود خان نے کہا کہ علی گیلانی سمیت تمام حریت قائدین کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں، کشمیری گزشتہ72سال سےظلم کی چکی میں پس رہے ہیں،5اگست کے بعد بھارت نے کھل کر ظلم کرناشروع کردیا ہے.
بھارت نے یو این قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر دیں، مقبوضہ کشمیر میں حالات بہتر نہیں ہوئے بلکہ ہرروز بگڑرہے ہیں.
آج ہندوستان کے طول وعرض میں مظاہرے ہورہے ہیں، آج بھارت کا اپنا وجود خطرے سے دوچار ہوگیا ہے، بھارتی اقدامات کے خلاف کشمیری مزاحمت جاری رکھیں گے۔