مظفر آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارتی جبر کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں بھرپور مزاحمت جاری ہے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ کشمیری بھارت کی غلامی کسی صورت قبول کرنے کے لئے تیار نہیں، دنیا پاکستان، بھارت میں مصنوعی توازن قائم رکھنےکی پالیسی ترک کرے.
مسعود خان نے کہا کہ عالمی برادری حق و انصاف کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کے حل کی کوشش کرے، بھارت نے آئینی ترامیم سے مقبوضہ کشمیر کوعملاً کالونی بنا دیا ہے، کشمیر پر قبضے کی بھارتی سازش کبھی کامیاب نہیں ہوگی.
مزید پڑھیں: مودی کےاقدامات کے بعد کشمیرآزادی کے آخری مرحلے میں ہے ، فواد چوہدری
حکومت کشمیریوں کی مؤثر ترجمانی کر رہی ہے، مشکل کی گھڑی میں کشمیری تنہا نہیں، 22 کروڑ پاکستانی ان کے ساتھ ہیں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اکیسویں صدی کا ہٹلر ہے، بھارتی اقدامات موجودہ صدی کا نازی ازم اور فاشزم ہے.
مسعود خان کا کہنا تھا کہ امن پسند دنیا کو بھارتی انتہا پسندی کے خلاف مل کر لڑنا ہو گا، بھارت نے پاکستان کے خلاف بیک وقت کئی محاذ کھول رکھے ہیں، عالمی برادری بھارت کے پاکستان مخالف بیانات کا نوٹس لے، کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس مسئلہ کشمیر کاکوئی حل ممکن نہیں ہے، مسئلہ کشمیر کا حل کثیر الجہتی سفارتکاری میں مضمر ہے.