کیلیفورنیا: امریکی ریاستوں کیلیفورنیا اور نیواڈا میں برفانی طوفان اور شدید برفباری کی وجہ سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے، کیلیفورنیا کے کچھ علاقوں میں 8 فٹ تک برفباری ہوئی ہے، اور سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہفتے کے آخر میں آنے والے برفانی طوفان نے کیلیفورنیا اور نیواڈا کے کچھ حصوں کو شدید متاثر کیا ہے، یہ طوفان کم از کم منگل تک جاری رہنے کی توقع ہے، جب کہ مزید برفباری کی بھی پیشگوئی ہے۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شدید برف باری سے ہر شے پر سفیدی چھا گئی ہے، 6 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، اور کہیں کہیں آٹھ فٹ تک برف گری، جس کی وجہ سے دونوں ریاستوں میں بڑی سڑکیں بند ہیں، ڈونر پاس پر ٹریفک جام ہو گیا، اور سیکڑوں گاڑیاں جان لیوا حالات میں پھنس کر رہ گئی ہیں۔
برفباری کی وجہ سے لوگ بھی گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، ریاست بھر میں خراب موسم کے باعث بجلی کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے، اور ہزاروں افراد کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ پیر کو چار ریاستوں میں موسم سرما کے طوفان کی وارننگ جاری کی گئی تھی، جن میں کیلیفورنیا، اوریگون، آئیڈاہو اور کولوراڈو شامل تھیں۔
Several trucks and vehicles were stranded along California’s Donner Pass on I-80 as a blizzard dumped several FEET of snow in the Sierra Nevada region. pic.twitter.com/YgULUqp2LM
— AccuWeather (@accuweather) March 4, 2024
اسکائی نیوز کے مطابق برفانی طوفان نے مغربی امریکا میں بڑے پیمانے پر مشکلات پیدا کی ہیں، کئی ریاستیں موسلا دھار بارش اور 100 میل فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے متاثر ہوئی ہیں، کیلیفورنیا کی میڈیرا کاؤنٹی میں برفانی طوفان کے ایک خوف ناک بگولے نے ایک پرائمری اسکول پر بھی ملبہ گرایا جس سے اسکول کو کافی نقصان پہنچا۔
A confirmed tornado hit north of Fresno in Madera County, California, on Friday as a major winter storm hit the state.
The tornado snapped some trees and caused damage to an elementary school. No injuries were reported. https://t.co/r0SXNCp9mX pic.twitter.com/ag0cU9VVWT
— ABC News (@ABC) March 3, 2024
برفباری اور برفانی طوفان سے پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے رینو اور سیکرامنٹو کے درمیان انٹراسٹیٹ 80 ہائی وے پر سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جس کی وجہ سے حکام کو 100 میل تک یہ مصروف سڑک بند کرنی پڑی، حکام کے مطابق کئی حادثات کی اطلاعات ہیں۔