نائیجریا کے ایک اسکول میں ہولناک آتشزدگی کے باعث 17 معصوم بچے جھلس کر جاں بحق جب کہ اتنے ہی زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نائیجریا کی شمال مغربی ریاست زمفارا کے علاقے کوارا نمودا میں پیش آیا، جہاں ایک اسلامی اسکول میں آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 17 بچے جاں بحق اور 17 ہی جھلس کر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے وقت اسکول میں 100 کے قریب طلبہ موجود تھے جنہیں فوری ریسکیو کرکے بچایا گیا۔
نائیجیریا کی قومی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (این ای ایم اے) نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی بچوں کو مختلف اسپتالوں میں علاج کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔
آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں تاہم حکومتی سطح پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
نائیجیریا کے صدر بولا ٹینوبو نے جاں بحق بچوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کے منتظمین پر زور دیا کہ وہ طلبہ کی سلامتی کو اولین ترجیح دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نائیجیریا کے دارالحکومت ابوجا کے مضافاتی علاقے میں ایک اسکول میں نصب دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں دو افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہو گئے تھے۔