اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے ساحلی علاقے سےمتعلق ماسٹر پلان ترتیب دیاجائے، سرمایہ کاری اور انفرا اسٹرکچر کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ماحول دوست سیاحت کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں خیبرپختونخوا ، پنجاب اور ساحلی علاقوں میں سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں گلگت بلتستان اور شمالی علاقہ جات میں سیاحتی توجہ کے مراکز پر تفصیلی غور کیا گیا، قدیم عمارات کے تحفظ اور تزئین وآرائش اور ماحول دوست سیاحت پرگفتگو کی گئی۔
وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت سے متعلق زوننگ کا کام مکمل کر لیاگیا،گلگت بلتستان میں 3 زون قائم ہیں جن میں غذر، استور اور شگر شامل ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختونخوا کے 4، پنجاب میں ایک علاقے کا ماسٹر پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقے سے متعلق ماسٹر پلان ترتیب دیا جائے، ماسٹر پلان سرمایہ کاری اور انفرااسٹرکچر کے قیام میں معاون ثابت ہوگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ریسٹ ہاؤسز کی بحالی کا عمل جلد مکمل کیاجائے، پاکستان میں سیاحت کا بےشمار پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ سے معیشت کو تقویت ملےگی، سیاحت کےفروغ کے لیے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے۔