ممبئی: کامیڈی سے بھرپور فرنچائز ’مستی‘ کی چوتھی پیشکش کا بے صبری سے انتظار کر رہے مداحوں کیلیے خوشی کی خبر آگئی۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آفتاب شیوداسانی نے فلم ’مستی 4‘ کی شوٹنگ شروع کر دی۔ اداکار نے آج اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شوٹنگ کے پہلے دن کی تصاویر کی ایک سیریز شیئر کی۔
پہلی تصویر میں آفتاب شیوداسانی نے ایک کلپ بورڈ تھاما ہوا ہے جس پر ’مستی 4‘ لکھا ہے۔ دوسری تصویر میں ان کو اپنے اداکار رتیش دیش مکھ کے ساتھ پوز دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اسی طرح تیسری تصویر میں تجربہ کار اداکار جیتندر بھی ٹیم کے ساتھ پوز دیتے ہوئے نظر آئے۔
فلم کے حوالے سے مداحوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے لہٰذا انہوں نے آفتاب شیوداسانی کی انسٹاگرام پوسٹ کو انتہائی پسند کیا۔
اداکار وویک اوبرائے ’مستی 4‘ کی شوٹنگ کی لانچنگ میں شرکت نہ کر سکے تاہم انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے سیٹ سے رتیش کی ایک مضحکہ خیز ویڈیو پوسٹ کی اور لکھا مستی 4 اب باضابطہ طور پر ایک محبت کی کہانی ہے، میں معذرت خواہاں ہوں کہ لانچنگ میں شرکت نہ کر سکا، جلد شوٹ پر ملاقات ہوگی۔
’مستی 4‘ کی ہدایت کاری ملاپ زاویری کریں گے جبکہ اسے اندرا کمار اور اشوک ٹھاکریا اے جھنجھن والا اور ویو بینڈ پروڈکشن کے ایس کے اہلووالیا کے ساتھ پروڈیوس کریں گے۔
فرنچائز کی تین فلمیں بالترتیب 2004، 2013 اور 2016 میں ریلیز ہوئیں۔
پہلی فلم میں تین مرکزی کرداروں کے علاوہ امریتا راؤ، جنیلیا ڈی سوزا اور تارا شرما شامل تھیں۔ دوسرے حصے میں کرشمہ تنا، سونالی کلکرنی اور منجری فڈنس کو خواتین کی مرکزی کردار میں دیکھا گیا، جبکہ مستی 3 میں پوجا بوس اور شردھا داد نے اہم کردار ادا کیا تھا۔