لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے آج ہونے والے میچ کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا جبکہ 3 بجے قذافی اسٹیڈیم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے دبئی اور شارجہ میں ہونے والا میچز کا مرحلہ ختم ہوگیا۔ لیگ کے بقیہ 2 میچز اب لاہور میں ہوں گے جس کے لیے تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 3 بجے قذافی اسٹیڈیم کے دروازے کھول دیے جائیں گے۔ شائقین اپنے ٹکٹ اور شناختی کارڈ لازمی ساتھ لائیں۔
انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شائقین کے لیے 3 پارکنگ اسٹینڈ بنائے گئے ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے گیٹ نمبر 4 کے گراؤنڈ میں پارکنگ ہوگی علاوہ ازیں قرشی پارک، لبرٹی مارکیٹ کے گراؤنڈ میں بھی پارکنگ ہوگی۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ چنگچی، آٹو رکشہ اور سلنڈر والی گاڑیاں پارک نہیں ہوسکیں گی۔ اسٹیڈیم میں ماچس، کانچ کی بوتل اور چھری لانا ممنوع ہے۔ کھانے پینے کی اشیا اور پانی اسٹیڈیم کے اندر ہی دستیاب ہوگا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے میچ میں آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مدمقابل ہیں۔ میچ کا آغاز شام 7 بجے ہوگا۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔