دبئی: معروف پاکستانی ماڈل اور وی جے متھیرا دبئی میں کار حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں، متھیرا اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر پوسٹ کی جانے والی اسٹوریز میں متھیرا نے بتایا کہ وہ اپنی سرخ گاڑی میں دبئی روڈ پر سفر کر رہی تھیں جب ان کی گاڑی کا 2 ٹرکوں سے تصادم ہوا۔
خوفناک حادثے میں متھیرا نے اپنے محفوظ رہنے پر خدا کا شکر ادا کیا، حادثے کے بعد اداکارہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
حادثے میں متھیرا کی دوست سارہ بھی زخمی ہوئی ہیں جن کی حالت اب بہتر ہے۔
خیال رہے کہ زمبابوے میں پیدا ہونے والی متھیرا ویڈیو جاکی (وی جے) رہ چکی ہیں۔ انہوں نے سنہ 2013 میں دبئی کے ایک بزنس مین سے شادی کرلی تھی جس سے ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
گزشتہ برس متھیرا نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔