کراچی:میٹرک امتحانات میں نویں جماعت کا فزکس کا حل شدہ پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، اس سے قبل بھی نویں اور دسویں جماعت کے پرچے آؤٹ ہوئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میٹرک بورڈ کے امتحانات کا سلسلہ جاری ہے ، نہم جماعت سائنس گروپ کےطلبہ فزکس کا پرچہ آج صبح کی شفٹ میں دے رہے ہیں۔
امتحانات میں نقل مافیا سرگرم ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر پرچے آؤٹ ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے، آج بھی نویں جماعت کا فزکس کا پرچہ آؤٹ ہوگیا اور واٹس ایپ گروپوں میں نقل مافیانےحل شدہ پرچہ بھی جاری کیا۔
دسویں کےجنرل گروپ کےطلبہ مطالعہ پاکستان کاامتحان دوپہرکی شفٹ میں دیں گے ، طلبہ کیلئےمجموعی طور پر 505 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں ، سینٹر جیل میں قائم مرکز میں22طلبہ امتحانات میں حصہ لیں گے۔
دوسری جانب میٹرک امتحانات میں بد نظمی بھی عروج پر ہے، گورنمنٹ گرلزسیکنڈری اسکول جیکب لائن میں فنی خرابی درست نہ ہوسکی اور تاخیرسےپرچہ شروع ہوا۔
لوڈ شیڈننگ کے باعث طالبات کوکوریڈور میں بٹھایا گیا، میٹرک بورڈانتظامیہ نےلوڈشیڈنگ نہ کرنے کیلئے کے الیکٹرک کوخط بھی لکھا تھا۔