کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے (ایس ایس سی) پارٹ ٹو جماعت دہم جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ اور قوت سماعت و گویائی سے محروم خصوصی طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات برائے سال 2021 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ طلباء وطالبا ت یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اور ایس ایم ایس سروس bsekلکھ کر اسپیس دیں اور اپنا رول نمبر لکھ کر 8583 پر بھیج کر نتائج دیکھ سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنرل گروپ ریگولرو پرائیویٹ میں 19638 طلباء و طالبات رجسٹر ڈ ہوئے جن میں سے 18640طلباء و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ دو نوں پرچوں میں غیر حاضر طلباء وطالبات کی تعداد 998 اور صرف ایک پرچے میں غیر حاضر طلباء وطالبات کی تعداد 354 رہی۔ امتحانات میں شامل ہونے والوں میں 8191طلباء اور 10449 طالبات شامل ہیں۔
کامیابی کا تناسب 98.10فیصد رہا، کامیاب طلباء و طالبات میں سے 733 نے اے ون گریڈ، 1622 نے اے گریڈ، 2810 نے Bگریڈ، 3842 نے Cگریڈ، 4697نے D گریڈ اور 4355 نے Eگریڈ حاصل کیا۔ جبکہ اضافی پرچہ دینے والے کامیاب طلباء و طالبات کی تعداد 227 رہی۔
اسی طرح قوت سماعت وگویائی سے محروم خصوصی طلباء و طالبات نے مذکورہ امتحان میں 104 نے رجسٹریشن حاصل کی اور 99 طلباء و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 5امیدوار غیر حاضر رہے،جس میں 98طلباء و طالبات نے فرسٹ ڈویژن جبکہ ایک طلبہ ایک پیپر میں غیر حاضر ہونے کی وجہ سے فیل قرار پایا،اس طرح نتائج میں کامیابی کا تناسب 98.99فیصد رہا۔