کراچی :شہر قائد میں سینٹرسپر ٹنڈنٹ کی غفلت کے باعث میٹرک کی سینکڑوں طالبات زمین پر بیٹھ کر امتحان دینے پر مجبور ہوگئیں، ناظم امتحانات نے امیدواروں کو مشکلات پر افسوس کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں میٹرک کے سالانہ امتحانات جاری ہے ، سینٹر سپر ٹنڈنٹ کی غفلت کے باعث سینکڑوں طالبات زمین پر بیٹھ کر امتحان دینے پر مجبورہیں۔
ملیر کے علاقے مراد میمن گورنمنٹ اسکول میں طالبات کے بیٹھنے کی گنجائش ساڑھے چار سو سے پانچ سو ہے جبکہ میٹرک بورڈ نے آٹھ سو سے زائد طالبات کا سینٹر اس اسکول میں قائم کردیا۔
جگہ کی کمی کے باعث تین سو سے زائد طالبات زمین پر بیٹھ کر امتحان دینے پر مجبور ہیں جبکہ گرمی کے موسم میں پچاس بچوں پر صرف ایک پنکھا ہے، جس پر طالبات کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولیات نہ ہونے کی پریشانی میں پرچہ بھی ٹھیک نہیں ہو پاتا۔
اس حوالے سے ناظم امتحانات طارق عمران کا کہنا ہے کہ صورت حال کا فوری نوٹس لیں گے امتحانی مرکز پر ذمہ داری سینٹر سپرٹنڈنٹ کی ہوتی ہے ، امیدواروں کو مشکلات پر افسوس ہوا ہے۔