پشاور : معروف مذہبی عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ صحت کارڈ اسکیم کا اجراء خیبر پختونخوا حکومت کا بڑا فلاحی منصوبہ ہے۔
پشاور میں وزیراعلیٰ کے پی محمود خان سے مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی اس موقع پر دینی تعلیم، تبلیغ اسلام، خدمت دین، اسلامی معاشرے کے قیام کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے تبلیغ اسلام سے متعلق مولانا طارق جمیل کی گرانقدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ خیبر پختونخوا کےعوام دین سے والہانہ محبت، عقیدت رکھتے ہیں، صحت کارڈ اسکیم کےپی حکومت کا بڑا فلاحی منصوبہ ہے، اس طرح کے منصوبے دیگرصوبوں میں بھی ہونے چاہئیں۔
وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کا کہنا تھا کہ علمائے کرام اور مبلغین قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، معاشرے کی اصلاح میں علمائے کرام کا کردار قابل تحسین ہے۔
محمودخان نے کہا کہ مولانا طارق جمیل سے زندگی کے ہر پہلو پر رہنمائی کی بھر پور کوشش کررہے ہیں، اسلامی تعلیمات پرعمل پیرا ہوکر ہی ہم فلاحی معاشرہ قائم کرسکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ علمائے کرام کی خدمت کرکے مجھے دلی خوشی محسوس ہوتی ہے، مشکل مالی حالات کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کی بھر پور کوششیں کر رہے ہیں۔